اردو ورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر اراکین کا نوٹیفکیشن نہ دینے کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواست منظور کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو مخصوص نشستوں کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی ہدایت کردی۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد وحید نے پنجاب اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر اراکین کا نوٹیفکیشن نہ کرنے کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کی، جس میں پی ٹی آئی کی جانب سے بیرسٹر علی ظفر نے دلائل دیئے۔
علی ظفر نے کہا کہ الیکشن کمیشن مخصوص نشستوں کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کر رہا۔ الیکشن کمیشن منحرف ارکان کا ضابطہ طے کرنے کے بعد نوٹیفکیشن جاری کرنے کا پابند ہے۔
پی ٹی آئی کے وکیل کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے الیکشن کمیشن سے نوٹیفکیشن جاری کرنے کا کہا ہے۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ 20 نشستیں خالی ہیں اس لیے جماعتوں کی کل نشستوں میں بھی تبدیلی کی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن کا یہ موقف قانون کے مطابق نہیں۔
پی ٹی آئی کے وکیل کے دلائل پر ایڈووکیٹ جنرل نے موقف اختیار کیا کہ مخصوص نشستوں کا نوٹیفکیشن عام انتخابات کے بعد ہوتا ہے۔ اب 20 نشستوں کی وجہ سے سیاسی جماعتوں کی پوزیشن بدل گئی ہے۔
بعد ازاں عدالت نے پنجاب اسمبلی کی مخصوص نشستوں کا نوٹیفکیشن نہ دینے کے خلاف درخواست منظور کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو مخصوص نشستوں کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی ہدایت کردی۔