16
اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز) اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے قطر پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے دوحہ پر فضائی حملے کو قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ غزہ جنگ کے تمام فریقوں کو مستقل جنگ بندی کے لیے کوشش کرنی چاہیے، اس کے امکانات کو تباہ نہ کریں۔ادھر او آئی سی نے بھی قطری دارالحکومت پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین، اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی اصولوں کی صریح خلاف ورزی قرار دیا۔
تنظیم نے عالمی برادری بالخصوص سلامتی کونسل پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور اسرائیل کو خطے میں اپنی خطرناک جارحیت ختم کرنے اور بین الاقوامی قوانین کا احترام کرنے کا پابند بنائے۔خیال رہے کہ اسرائیل نے قطری دارالحکومت دوحہ میں فلسطینی مزاحمتی تنظیم کے دفتر پر اس وقت حملہ کیا جب تنظیم کی قیادت غزہ جنگ بندی معاہدے پر مشاورت کے لیے اجلاس کر رہی تھی۔اسرائیلی وزیراعظم اور اسرائیلی فوج نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حملے میں حماس کی سینئر قیادت کو نشانہ بنایا گیا۔دوسری جانب حماس نے اسرائیلی حملے میں چھ افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی۔ حماس کا کہنا ہے کہ حملے میں مرکزی قیادت محفوظ رہی تاہم خلیل الحیاء کے بیٹے سمیت 6 افراد شہید ہوگئے۔