اردو ورلڈ کینیڈا (ویب نیوز )برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اتوار کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے بعد 5 پولنگ فرموں کے پروجیکشن میں فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون اور ان کے اتحادیوں نے پارلیمنٹ میں اپنی اکثریت کھو دی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 5 پولنگ فرموں کے پروجیکشن میں صدر میکرون کے اتحاد کو 200 سے 260 نشستیں ملنے کا امکان ہے۔
سروے کے مطابق پارلیمنٹ میں اکثریت کے لیے 289 نشستیں درکار ہیں لیکن اب اکثریت کے لیے صدر میکرون کو نئے اتحادیوں کی ضرورت ہوگی۔
سرکاری ترجمان نے کہا کہ یقیناً صورتحال مایوس کن ہے، انتخابی نتائج ہماری توقعات سے کم ہیں۔
فرانسیسی وزیر اعظم الزبتھ بورن کا کہنا ہے کہ پارلیمانی انتخابات کے نتائج ملک کے لیے خطرناک ہیں تاہم حکمراں جماعت فوری طور پر نئے اتحادیوں کی تلاش کرے گی۔
ان کا کہنا ہے کہ وہ پیر سے پارلیمنٹ میں اکثریت کے لیے کام شروع کر دیں گے۔
واضح رہے کہ صدر میکرون اپریل میں دوسری مدت کے لیے فرانس کے صدر منتخب ہوئے تھے۔