وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ 30 جون کے بعد بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 2 گھنٹے تک کم ہو جائے گا۔
وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملک میں بدترین لوڈشیڈنگ اور اس پر قابو پانے کے مختلف طریقوں پر غور کیا گیا۔
وفاقی کابینہ نے ہفتہ کی چھٹی دوبارہ شروع کرنے کی منظوری دے دی ہے تاہم توانائی بحران پر قابو پانے کے لیے مارکیٹیں شام 7 بجے بند کرنے کا فیصلہ نہیں کیا گیا۔
کابینہ نے وزرا اور سرکاری ملازمین کے لیے پیٹرول میں 40 فیصد کمی کی بھی منظوری دی۔
کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ اس وقت بجلی کی طلب اور رسد میں فرق ہے، بجلی کی طلب 28 ہزار 400 میگاواٹ ہے جب کہ دستیاب بجلی 25 ہزار 600 میگاواٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے گزشتہ سال کے مقابلے اس ماہ زیادہ بجلی پیدا کی، دو دن تک وزیراعظم نے صرف لوڈشیڈنگ کا مسئلہ دیکھا، اب سسٹم میں 2871 میگاواٹ مزید بجلی شامل کی گئی ہے۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ 15 جون تک لوڈشیڈنگ ساڑھے تین گھنٹے تک کم ہو جائے گی اور 30 جون تک پورٹ قاسم پلانٹ کے 600 میگاواٹ سسٹم میں شامل کر دی جائے گی جس کے بعد لوڈشیڈنگ کا دورانیہ دو گھنٹے رہ جائے گا۔ .