پاکستان اور کرغزستان کا تجارتی حجم 2 ارب ڈالر تک بڑھانے کا عزم، متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)پاکستان اور کرغزستان نے دوطرفہ تجارت کو 2 ارب ڈالر تک بڑھانے، سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدہ خوش آئند پیشرفت ہے، تجارتی حجم میں اضافے کیلئے قوانین اور ضوابط کو مزید سہل بنایا جائے گا۔

پاکستان اور کرغزستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب کرغزستان میں منعقد ہوئی جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور کرغزستان کے صدر صادر ژاپاروف نے شرکت کی۔

مختلف شعبوں میں تعاون

تقریب کے دوران پاکستان اور کرغزستان کی وزارت خارجہ کے درمیان تعاون کے پروگرام سے متعلق دستاویز کا تبادلہ کیا گیا، جبکہ انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد اور کرغز نیشنل انسٹیٹیوٹ فار اسٹریٹجک انیشی ایٹوز کے درمیان بھی مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ ہوا۔

دونوں ممالک کے درمیان ٹرانزٹ تجارت کے حوالے سے معاہدے اور تعلیم کے شعبے میں تعاون کیلئے مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ بھی کیا گیا۔

انسداد منشیات پر تعاون

پاکستان اور کرغزستان نے منشیات، نشہ آور اشیا اور اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے باہمی تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔ اس سلسلے میں متعلقہ اداروں کے درمیان مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ کیا گیا۔

پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل اور کرغز وزارت صحت کے درمیان طبی تعلیم کے شعبے میں تعاون کیلئے بھی مفاہمتی یادداشت پر اتفاق ہوا۔

سائنس و ٹیکنالوجی میں تعاون

دونوں ممالک کے درمیان سائنسی اور تکنیکی تعاون کا معاہدہ بھی کیا گیا، جبکہ ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں میں تعاون کیلئے مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ ہوا۔

چیمبرز آف کامرس کے درمیان تجارت کے فروغ کیلئے تعاون کے معاہدے کی دستاویز کا بھی تبادلہ کیا گیا، جبکہ ورچوئل اثاثہ جات کے شعبے میں تعاون کیلئے بھی مفاہمتی یادداشت طے پائی۔

لاہور اور اوش جڑواں شہر

پاکستانی شہر لاہور اور کرغزستان کے شہر اوش کو جڑواں شہر قرار دینے کے معاہدے کی دستاویز پر بھی دستخط کیے گئے، جس کا مقصد دونوں شہروں کے درمیان ثقافتی اور عوامی روابط کو مزید فروغ دینا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :امریکا اور اسرائیل کے خلاف روسی صدر کا ایران کی حمایت کا کھلا اعلان

نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد اور کرغز نیشنل انسٹیٹیوٹ فار اسٹریٹجک انیشی ایٹوز کے درمیان تحقیق کے شعبے میں تعاون کیلئے بھی ایم او یو پر دستخط کیے گئے۔

دونوں ممالک کے محکمہ ڈاک کے درمیان ڈاک اور ای کامرس کے شعبے میں تعاون جبکہ ملزمان کی حوالگی سے متعلق معاہدہ بھی طے پایا۔

تجارت 2 ارب ڈالر تک لے جانے کا فیصلہ

مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کرغزستان کی جانب سے شاندار میزبانی پر صدر صادر ژاپاروف کے شکر گزار ہیں، کرغزستان کے یوم آزادی پر قیادت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کرغزستان کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب ہونا بھی اہم کامیابی ہے جبکہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے کامیاب انعقاد پر کرغز قیادت مبارکباد کی مستحق ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کرغزستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان مختلف معاہدوں پر دستخط دوطرفہ تعاون کے فروغ کا نیا آغاز ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ مذاکرات میں تجارتی تعلقات کے فروغ پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی، پاکستان اور کرغزستان کے درمیان دوطرفہ تجارت کو 2 ارب ڈالر تک بڑھانا چاہتے ہیں۔

قوانین مزید سہل بنانے پر اتفاق

وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کی حکومتیں اور نجی شعبہ تجارتی تعلقات کے فروغ میں کردار ادا کریں گے، پاکستان اور کرغزستان کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدہ خوش آئند پیشرفت ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک تجارتی حجم میں اضافے کیلئے قوانین اور ضوابط کو مزید سہل بنائیں گے تاکہ کاروباری افراد کیلئے تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع آسان ہوسکیں۔

شہباز شریف نے کاسا 1000 توانائی منصوبے کو آگے بڑھانے کیلئے مشترکہ وزارتی گروپ کے قیام کو بھی خوش آئند قرار دیا۔

تعلیم اور ثقافت میں تعاون

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔ لاہور اور اوش کو جڑواں شہر قرار دینے سے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان ثقافتی روابط مضبوط ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف مل کر کام کریں گے جبکہ موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے بھی اتفاق رائے پایا گیا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مختلف دوطرفہ، علاقائی اور عالمی فورمز پر دونوں ممالک کے درمیان تعاون مزید بڑھایا جائے گا، کرغزستان وسطی ایشیا میں پاکستان کا اہم شراکت دار ہے۔

شہباز شریف نے کرغزستان کے صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے تعلقات آنے والے دنوں میں نئی بلندیوں کو چھوئیں گے۔

کرغز صدر کا دوطرفہ تعاون بڑھانے پر زور

کرغزستان کے صدر صادر ژاپاروف نے وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان برادرانہ تعلقات قائم ہیں اور دونوں ممالک دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے خواہاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے رابطوں کو مزید فروغ دیا جائے گا۔

کرغز صدر نے کہا کہ کرغزستان پاکستان کے ساتھ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانا چاہتا ہے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے مزید مواقع پیدا کیے جائیں گے۔

صدارتی محل میں پرتپاک استقبال

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف کرغزستان کے صدارتی محل پہنچے جہاں ان کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی۔

صدارتی محل آمد پر وزیراعظم کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا گیا۔ کرغزستان کے صدر صادر نور ژاپاروف نے وزیراعظم شہباز شریف کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔

وزیراعظم کی آمد پر پاکستان اور کرغزستان کے قومی ترانے بجائے گئے جبکہ انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، تعلیم، دفاع اور علاقائی تعاون سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ہمیں فالو کریں