اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) پاکستان میں مختلف صارفین کو انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی اور سروس کے تعطل کا سامنا ہونے کے بعد پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے اس صورتحال پر باضابطہ ردِعمل دیتے ہوئے وضاحت جاری کی ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق یہ مسئلہ کسی مقامی تکنیکی خرابی کا نتیجہ نہیں بلکہ عالمی سطح پر پیش آنے والی بڑی تکنیکی گڑبڑی کا اثر ہے جس نے متعدد بین الاقوامی پلیٹ فارمز کی کارکردگی کو متاثر کیا ہے۔ترجمان پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ ادارہ اس وقت سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹویٹر) اور کلاؤڈ فلیئر سمیت دیگر عالمی سروسز کی کارکردگی کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے۔ ترجمان کے مطابق یہ دونوں پلیٹ فارم بین الاقوامی خرابی کی وجہ سے متاثر ہوئے، جس پر پاکستان میں بھی اثرات دکھائی دیے۔
پی ٹی اے نے بتایا کہ صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے عالمی سروس فراہم کنندگان اور ملک کے اندر کام کرنے والے انٹرنیٹ آپریٹرز سے مسلسل رابطہ رکھا جا رہا ہے۔ حکام نے یقین دلایا کہ سروسز کی مکمل بحالی تک پی ٹی اے کی تکنیکی ٹیمیں صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لیتی رہیں گی اور صارفین کو درپیش مشکلات کم کرنے کی ہر ممکن کوشش جاری رہے گی۔