وزیر اعلیٰ پنجاب محمد حمزہ شہباز شریف نے صوبے بھر کی تاجر برادری کی مشاورت سے توانائی کی بچت کے لیے پنجاب بھر کے شاپنگ مالز، بازار اور کاروباری مراکز رات 9 بجے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعلیٰ سے ملاقات میں صوبے بھر کے تاجر رہنمائوں اور نمائندوں نے ملاقات کی جس میں تاجر برادری نے توانائی بحران پر حکومتی اقدامات کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔
حکومتی سطح پر مشاورت کے بعد شادی ہال رات 10 بجے تک کھلے رہیں گے۔ کاروباری برادری کو ہفتہ کے روز کاروباری اوقات میں خصوصی رعایت دی جائے گی، ریسٹورنٹس ساڑھے گیارہ بجے تک کھلے رہیں گے، اس فیصلے کا اطلاق میڈیکل اسٹورز پر نہیں ہوگا۔ عید کی خریداری کے لیے اوقات کار کی پالیسی کا تاجر برادری کی مشاورت سے جائزہ لیا جائے گا۔
تاجر برادری کا کہنا ہے کہ وہ قومی مفاد کے فیصلوں پر حکومت کے ساتھ ہیں۔ بچت کے منصوبے پر عملدرآمد سے بجلی اور پیٹرول کی بچت ہوگی۔ عوام بجلی کم استعمال کریں کیونکہ اس وقت پٹرول اور بجلی بچانا قومی فریضہ ہے۔