اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے اپنے چھوٹے بھائی چوہدری وجاہت حسین کی جانب سے نئی پارٹی بنانے کے اعلانات اور الزامات پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
ایک بیان میں چوہدری شجاعت نے کہا کہ میرے چھوٹے بھائی وجاہت حسین نے ہمارے گھر میں لوگوں سے بات کی۔ چوہدری وجاہت نے آصف زرداری پر الزام لگایا، میرے بیٹوں پر ڈالر مانگنے کا الزام لگایا گیا جو جھوٹ پر مبنی ہے
چوہدری شجاعت نے کہا کہ میں نے اپنے بیٹوں کی اس طرح تربیت نہیں کی، میرے کہنے پر میرے بچے اس وقت خاموش ہیں، میں نے اپنے بیٹوں کو ہمیشہ سچ بولنے اور وعدہ نبھانے کی ہدایت کی ہے، میرے کہنے پر میرے بیٹوں نے شہباز کو ووٹ دیا تھا ہم نے کسی سے وزارت نہیں مانگی، آصف زرداری نے خود آکر مبارکباد دی۔
انہوں نے کہا کہ چوہدری وجاہت نے کہا کہ اگر انہوں نے 30 جون تک مسلم لیگ ن سے اتحاد ختم نہ کیا تو نئی پارٹی بنائیں گے پاکستان میں پہلے ہی سینکڑوں جماعتیں ہیں ایک اوربن جائے تو کیا فرق پڑتا ہے
مسلم لیگ ق کے سربراہ نے کہا کہ چوہدری وجاہت نے کہا کہ طارق بشیر نے ہمارے خاندان کو تقسیم کیا، طارق بشیر سے متعلق یہ بیان غیر اخلاقی اور جھوٹ پر مبنی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ چوہدری وجاہت نے الزام لگایا کہ میرا بیٹا مانے تنگے کا وزیر ہے، اس کا کوئی حلقہ نہیں، گجرات کے عوام کے سامنے ان سوالوں کا جواب دوں گا اور بتاؤں گا کہ کون سا حلقہ کس کا ہے۔