40
اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) غزہ پر اسرائیلی فوج کی وحشیانہ کارروائیاں جاری ہیں۔ تازہ ترین حملوں میں صیہونی فوج نے غزہ کے علاقے میں الشفا اسپتال کے قریب بمباری کی۔
جس کے نتیجے میں 19 فلسطینی شہید ہوگئے۔ اسی طرح القدس کے قریب واقع الاہلی اسپتال کے نزدیک بھی بمباری کی گئی، جہاں 4 فلسطینی جامِ شہادت نوش کرگئے۔اسرائیلی بمباری کے باعث غزہ شہر میں کئی رہائشی عمارتیں مکمل طور پر زمین بوس ہوگئیں جبکہ ایک مسجد بھی شہید کردی گئی۔ ملبے تلے دبے درجنوں افراد کو مقامی شہری اپنی مدد آپ کے تحت نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
محض ایک ہی دن میں اسرائیلی فوجی دہشت گردی کے نتیجے میں 83 فلسطینی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ فلسطینی وزارتِ صحت کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 65 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے، جن میں بڑی تعداد خواتین اور معصوم بچے شامل ہیں۔دوسری جانب عالمی سطح پر بھی اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی جا رہی ہے۔ چین اور سعودی عرب نے اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے پھیلاؤ پر سخت ردعمل دیتے ہوئے اسے ناقابلِ قبول قرار دیا ہے۔
اقوام متحدہ، کینیڈا، فرانس اور آئرلینڈ نے اسرائیلی حملوں کو "ناقابلِ برداشت” قرار دیتے ہوئے فوری جنگ بندی اور مذاکرات کا مطالبہ کیا ہے۔ ادھر یورپی کمیشن میں اسرائیل پر پابندیاں عائد کرنے کی تجاویز بھی جمع کرائی گئی ہیں، تاہم بعض یورپی ممالک کی مخالفت کے باعث ان تجاویز کے منظور ہونے کے امکانات انتہائی کم ہیں۔فلسطینی عوام اس مشکل وقت میں عالمی برادری سے فوری اور مؤثر اقدامات کا مطالبہ کر رہے ہیں تاکہ اسرائیلی ظلم و بربریت کا سلسلہ بند ہوسکے۔