اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) دنیا کے کئی ممالک کی طرح امریکی حکام نے بھی پاکستان کی امداد بند کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کئی اہم منصوبوں کو روک دیا ہے۔
حالیہ دنوں میں، امریکہ نے تقریباً تمام غیر ملکی امدادی پروگراموں کو عارضی طور پر معطل کر دیا، جن میں یوکرین، تائیوان اور اردن کے پروگرام بھی شامل ہیں، جنہیں ابتدائی طور پر 90 دنوں کے لیے معطل کیا گیا تھا۔اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے تمام امریکی سفارتی اور قونصلر مشنز کو ایک حکم جاری کیا گیا تھا، جس میں ان سے کہا گیا تھا کہ وہ تمام امدادی پروگرام فوری طور پر معطل کر دیں اور اس سلسلے میں تمام کام بند کر دیں۔تاہم اب امریکی حکام نے تصدیق کی ہے کہ دیگر ممالک کی طرح پاکستان کو بھی امریکی امداد روک دی گئی ہے جس کے بعد کئی اہم منصوبے روک دیے گئے ہیں۔ایک امریکی اہلکار کے مطابق پاکستان کو دی جانے والی امداد دوبارہ جائزے تک روک دی گئی ہے۔سفیروں کے فنڈ برائے ثقافتی تحفظ کے تحت ایک منصوبہ عارضی طور پر روک دیا گیا ہے جبکہ توانائی کے شعبے کے پانچ منصوبے بھی امریکی کارروائی کے باعث روک دیے گئے ہیں۔
امریکی اقدام سے اقتصادی ترقی سے متعلق 4 اور زراعت کے شعبے سے متعلق 5 پروگرام متاثر ہوئے ہیں، جب کہ جمہوریت، انسانی حقوق اور گورننس سے متعلق فنڈز بھی عارضی طور پر روک دیے گئے ہیں۔اس کے علاوہ، امریکی اقدام سے گورننس کے 11 پروگرام، تعلیم کے شعبے میں 4 اور صحت کے شعبے میں 4 پروگرام متاثر ہوئے ہیں۔امریکی حکام دوبارہ جائزے کے بعد پروگراموں کو جاری رکھنے کا فیصلہ کریں گے۔