اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ انتشار پسند گروہ انقلاب نہیں خونریزی چاہتا ہے، یہ پرامن احتجاج نہیں انتہا پسندی ہے۔
وزیراعظم نے رینجرز اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کسی انتشار اور خونریزی کا متحمل نہیں ہوسکتا، مذموم سیاسی مقاصد کے لیے خونریزی ناقابل قبول اور انتہائی قابل مذمت ہے۔
اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ نام نہاد پرامن احتجاج کی آڑ میں پولیس اور رینجرز اہلکاروں پر حملے قابل مذمت ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ انتشار پسند گروپ نے سیکورٹی اہلکاروں کے اہل خانہ کی زندگیاں تباہ کیں، انارکیسٹ گروپ آج شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں اور رینجرز اہلکاروں کے معصوم بچوں اور اہل خانہ کا ذمہ دار ہے۔ مجھ سمیت پوری قوم شہید رینجرز اور پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سری نگر ہائی وے پر مظاہرین کی جانب سے رینجرز اور پولیس اہلکاروں پر کار حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔