12
اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) برطانیہ نے 14 سال بعد شام کے ساتھ سفارتی تعلقات بحال کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
یہ اہم اعلان برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے اپنے دورہ شام کے دوران کیا، جو کسی بھی برطانوی وزیر کا 2011 کے بعد شام کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے کہا:”برطانیہ شام میں نئی سیاسی پیش رفتوں کو مثبت انداز میں دیکھ رہا ہے، اور شام کی نئی حکومت کی حمایت کرنا برطانیہ کے طویل المدتی مفاد میں ہے۔”انہوں نے اس موقع پر شام کے لیے 94 ملین پاؤنڈ کی امداد کا بھی اعلان کیا، جو شام کی انسانی، معاشی اور تعمیر نو کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے استعمال کی جائے گی۔برطانیہ نے 2011 میں شام میں شروع ہونے والی خانہ جنگی کے بعد دمشق سے اپنے سفارتی تعلقات معطل کر دیے تھے۔ تاہم حالیہ برسوں میں مشرقِ وسطیٰ میں بدلتے ہوئے حالات اور خطے میں استحکام کے نئے امکانات کے پیشِ نظر برطانیہ نے ایک نئی پالیسی کا اعلان کیا ہے۔یہ پیش رفت بین الاقوامی سطح پر مشرقِ وسطیٰ میں ایک نئے سفارتی دور کے آغاز کے طور پر دیکھی جا رہی ہے، جس میں مغربی ممالک دوبارہ شام کے ساتھ تعلقات استوار کر رہے ہیں۔