اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)سی ٹی ڈی نے دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر رواں ماہ پنجاب کے مختلف شہروں میں انٹیلی جنس پر مبنی 242 کارروائیوں کے دوران 34 دہشت گردوں کو گرفتار کیا ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق یہ کارروائیاں لاہور، بہاولنگر، بہاولپور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، راولپنڈی، نارووال، سرگودھا، چکوال، جہلم، اٹک، گجرات، بھکر اور رحیم یار خان میں کی گئیں۔
ترجمان کے مطابق لاہور سے فتنہ الخوارج سمیت دیگر تنظیموں کے 11 انتہائی خطرناک دہشت گردوں کو دھماکہ خیز مواد اور اہم عمارتوں کے نقشوں سمیت گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی پنجاب کے مطابق دہشت گردوں سے بارودی مواد، 28 ڈیٹونیٹرز، 89 فٹ حفاظتی فیوز وائر، گولیاں، اسلحہ، ایک ہینڈ گرنیڈ، چار آئی ای ڈی بم، پرائما کارڈ، موبائل فون، ممنوعہ پمفلٹس، نقدی برآمد ہوئی ہے۔
ترجمان کے مطابق دہشت گردوں کی شناخت زبیر، اسلم، ابوبکر، فدا حسین، فہد سلیم، سیف اللہ، نفیس، اظہار، حاجی شاہ اور عبداللہ وغیرہ کے نام سے ہوئی، دہشت گرد لاہور میں ایک اہم سرکاری عمارت کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔
ترجمان نے بتایا کہ رواں ماہ 7536 کومبنگ آپریشنز کے دوران 637 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا، کومبنگ آپریشنز میں 235630 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی محفوظ پنجاب کے ہدف پر عمل پیرا ہے، دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں۔