اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) قتل کیس میں مطلوب سارہ شریف کے والد، سوتیلی ماں اور چچا کو برطانیہ پہنچتے ہی گرفتار کرلیا گیا۔
تینوں افراد کو پاکستان سے برطانیہ پہنچنے کے بعد گیٹ وک ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا۔ 10 سالہ سارہ شریف کے والد 41 سالہ عرفان شریف، ان کی اہلیہ 29 سالہ بینش بتول اور عرفان کے بھائی 28 سالہ فیصل ملک کو برطانیہ میں مقامی وقت کے مطابق شام 7 بج کر 45 منٹ پر گرفتار کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں
سارہ شریف قتل کیس ،لڑکی کے والد کی گرفتاری کیلئے جہلم میں چھاپہ
سرے پولیس نے بتایا کہ تینوں زیر حراست افراد سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ سارہ کی والدہ کو تازہ ترین پیش رفت سے آگاہ کیا گیا ہے۔ سارہ کے والد، سوتیلی ماں اور چچا سارہ کی موت سے پہلے ووکنگ میں رہتے تھے، لیکن وہ پولیس کو سارہ کی لاش ملنے سے ایک دن پہلے پاکستان آئے تھے۔سارہ کی لاش 10 اگست کو ووکنگ کے علاقے میں اس کے گھر سے ملی تھی اور اس کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں اس کے جسم پر متعدد زخم پائے گئے تھے۔
مزید پڑھیں
برطانیہ میں 10 سالہ سارہ کا قتل، پاکستان فرار ہونے والے والد، والدہ اور بھائی مطلوب
دوسری جانب سارہ شریف کے 5 بہن بھائی جو ان تینوں افراد کے ساتھ پاکستان پہنچے تھے، کو عارضی طور پر بچوں کی دیکھ بھال کے سرکاری ادارے میں بھیج دیا گیا ہے۔ پیر کو پاکستانی حکام نے سارہ کے بہن بھائیوں کو ان کے دادا محمد شریف کے گھر سے اپنی تحویل میں لے لیا۔ پاکستان پہنچنے کے بعد مقتولہ سارہ کے والد، سوتیلی ماں اور چچا روپوش ہوگئے اور حکام کافی عرصے سے ان کی تلاش میں سرگرداں تھے۔