اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے 2 جولائی کو پریڈ گراؤنڈ میں حکومت مخالف احتجاجی جلسے کا اعلان کرتے ہوئے تمام بڑے شہروں میں کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے شہروں میں ہفتے کی رات ریلیاں نکالیں۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں پریڈ گراؤنڈ میں جلسے سے خطاب کروں گا جہاں راولپنڈی اور اسلام آباد سے لوگ جمع ہوں گے جب کہ آپ اپنے آبائی علاقوں میں جلسوں میں شرکت کریں
انہوں نے حکومت کی طرف سےسپر ٹیکس کے نفاذ کی بھی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹیکس مہنگائی میں اضافے کا باعث بنے گا اور بہت سی صنعتیں بند ہونا شروع ہو گئی ہیں اور بہت سی صنعتوں نے ملازمین کو فارغ کر دیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ حکومت پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ نہیں روکے گی کیونکہ پیٹرولیم لیوی کے نام پر قیمتوں میں 50 روپے فی لیٹر اضافہ کیا جائے گا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پریشان حال تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس بڑھا دیا گیا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ تنخواہ دار طبقہ بھی حکومت کے لگائے گئے ٹیکس سے پریشان ہے اور اب زراعت بھی تباہ ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے حکومت نے ایک لاکھ تنخواہ دار ملازمین کو ٹیکس چھوٹ دی تھی، اب ٹیکس لگا دیا ہے۔