اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کو پیشی کے لیے سخت سیکیورٹی میں اسلام آباد ہائی کورٹ لایا گیا۔
پولیس چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو ڈی آئی جی آپریشنز کی نگرانی میں پولیس لائنز سے اسلام آباد ہائی کورٹ لے گئی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں عمران خان کی پیشی کے باعث عدالت کے اطراف سیکیورٹی کے انتظامات سخت کردیئے گئے ہیں، پولیس نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے پچھلے دروازے کو سیل کردیا ہے اور دونوں دروازوں پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے القادر ٹرسٹ کیس میں سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی سربراہ عمران خان کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیا تھا تاہم بنی گالہ جانے کی درخواست بھی مسترد کردی تھی۔
عمران خان کی گرفتاری غیر قانونی قرار ،رہائی کا حکم ،کل ہائیکور ٹ پیش ہوں،سپریم کورٹ
سپریم کورٹ نے عمران خان کو پولیس لائنز گیسٹ ہاؤس منتقل کرنے کا حکم دیتے ہوئے آج دوبارہ اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا حکم دے دیا۔
عمران خان کی گرفتاری کو گزشتہ روز سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کی گرفتاری کو قانونی قرار دیا تھا۔
دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے واضح کیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں دفعہ 144 کے نفاذ کے باعث کسی بھی قسم کے جلسے، اجتماع اور خطاب کی اجازت نہیں ہوگی اور خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی کی جائے گی۔
پولیس ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ شہریوں سے درخواست ہے کہ وہ جی ٹین اسلام آباد ہائی کورٹ کے غیر ضروری سفر سے گریز کریں جبکہ احتجاج کی کال دینے والوں سے درخواست ہے کہ وہ امن کو خراب نہ کریں۔
ترجمان نے واضح کیا کہ اسلام آباد پولیس عوامی امن کے قیام کے لیے کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی، سیاسی کارکنوں سے درخواست ہے کہ وہ قانونی عمل میں رکاوٹ نہ ڈالیں، احتجاج پر اکسانے والے افراد کے بارے میں معلومات حاصل کی جا رہی ہیں، جن کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔