52
اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سعودی عرب کے دورے کے بعد برطانیہ پہنچ گئے ہیں
وزیر اعظم شہباز شریف یہاں مختلف اہم ملاقاتیں کریں گے۔ وزیراعظم وسطی لندن میں اپنی رہائشگاہ پر پہنچ گئے ہیں۔ اپنے قیام کے دوران وہ برطانوی حکام، پاکستانی بزنس کمیونٹی سے ملاقات کریں گے اور ہفتے کے روز اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کی ایک تقریب سے خطاب کریں گے۔ لندن آمد سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے جنیوا، سوئٹزرلینڈ میں مختصر قیام کیا جہاں ان کی سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات ہوئی۔ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے نواز شریف کو پاک-سعودی عرب تاریخی دفاعی معاہدے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان عسکری تعاون کے ایک نئے باب کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ نواز شریف ان دنوں علاج کی غرض سے جنیوا میں موجود ہیں لیکن قوی امکان ہے کہ وہ آئندہ چند روز میں لندن آجائیں گے۔
باوثوق ذرائع کے مطابق وفاقی وزرا اسحاق ڈار، خواجہ آصف اور عطا تار بھی وزیراعظم کے ساتھ لندن پہنچ گئے ہیں۔ برطانیہ کے بعد وزیراعظم شہباز شریف امریکہ کا دورہ کریں گے، جہاں ان کی ممکنہ طور پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات متوقع ہے۔
پاکستان کے اقوام متحدہ میں مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف دورہ امریکہ کے دوران اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔ اس موقع پر وہ پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے، جس میں کشمیر، فلسطین اور مشرق وسطیٰ کے دیگر تنازعات خصوصاً قطر پر حملے** کے واقعات شامل ہوں گے۔وزیراعظم ایک خصوصی اجلاس میں بھی شریک ہوں گے جو **غزہ کی صورتحال پر بلایا جا رہا ہے۔پاکستانی مندوب کے مطابق فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کی قرارداد کو تقریباً ایک تہائی ووٹ ملے ہیں، جس سے اسرائیل اور اس کے اتحادی ممالک پر دباؤ مزید بڑھ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اس معاملے پر پاکستان کا واضح اور دوٹوک مؤقف پیش کریں گے۔