پی ایس ایل سیزن 10،ہر فرنچائز کو کتنی رقم ملے گی ؟حیران کن بونس تیار 

 اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) پی ایس ایل سیزن 10 میں شرکت کرنے والی ہر فرنچائز کے لیے 97 کروڑ روپے کی رقم تیار کی گئی ہے۔

جس میں سے کھلاڑیوں کی فیس اور دیگر اخراجات کاٹ کر ان کی اسپانسر شپ الگ ہوگی۔ اس طرح ایک ارب سے زائد فیس ادا کرنے والی ٹیم ملتان سلطانز کے علاوہ باقی سب کو فائدہ ہوگا۔
دوسری جانب ٹیموں کے اکاونٹ شیٹس میں تاخیر کے باعث کھلاڑیوں کو حتمی 30 فیصد معاوضہ آئندہ چند روز میں مل جائے گا۔ لیگ کے سربراہ سلمان نصیر جن کے پاس ’2 رکنی‘ ٹیم ہے وہ ایشیا کپ کے معاملات میں مصروف ہیں جس کی وجہ سے پی ایس ایل کے معاملات تاخیر کا شکار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ سیزن 10 کا انعقاد رواں سال اپریل سے مئی میں ہوا تھا۔ لاہور قلندرز نے تیسری بار ٹرافی اپنے نام کی۔ ذرائع کے مطابق حال ہی میں فنانس کمیٹی کے اجلاس میں لیگ حکام نے فرنچائزز کو بتایا کہ وہ سینٹرل پول سے فی ٹیم 970 ملین روپے کی آمدنی کی توقع کر رہے ہیں۔
نویں ایڈیشن میں بھی تقریباً اتنی ہی رقم کمائی گئی۔ تاہم اسے مکمل منافع نہیں سمجھا جا سکتا کیونکہ کھلاڑیوں کی فیس، سفر، رہائش اور دیگر اخراجات اس سے منہا کیے جائیں گے۔ ٹیموں نے اپنی اسپانسر شپ وغیرہ سے بھی آمدنی حاصل کی، یہ سب شامل کرنے سے وہ زیادہ منافع میں ہوں گی۔
تاہم ایک ارب روپے سالانہ فیس ادا کرنے والی ملتان سلطانز کو اس بار بھی خسارے کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اکاؤنٹس کو ابھی حتمی شکل نہیں دی گئی ہے اور معمولی تبدیلیاں ممکن ہیں۔ پی سی بی کے لیے سب سے اہم مسئلہ کچھ اسٹیک ہولڈرز سے رقم کی وصولی ہے۔ اس سلسلے میں کچھ مسائل کو حل کرنے کی ضرورت ہے۔ فرنچائز 5 جولائی سے اپنے 50 فیصد حصہ کی ادائیگی کا انتظار کر رہی ہے۔ دریں اثنا، کچھ ٹیموں نے اپنے فائنل اکاؤنٹ شیٹس تاخیر سے فراہم کیے، جس کی وجہ سے کھلاڑیوں کو معاوضے کا حتمی 30 فیصد ادا کرنا باقی ہے۔ 70 فیصد رقم ایونٹ کے دوران دی جاتی ہے اور باقی فائنل کے بعد وصول کی جاتی ہے۔
پی سی بی کھلاڑیوں کو براہ راست ادائیگی کرتا ہے۔اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایونٹ ختم ہونے کے بعد ٹیمیں اکاؤنٹ شیٹ بھیجتی ہیں جس میں لکھا ہوتا ہے کہ کس کھلاڑی کو کتنی رقم ادا کرنی ہے، کنٹریکٹ کے تحت انجری کی وجہ سے میچ نہ کھیلنے پر 50 فیصد اور سلیکشن نہ ہونے پر 20 فیصد فیس ادا کی جاتی ہے۔ کچھ ٹیمیں کٹوتی بھی نہیں کرتیں، اسی طرح کچھ فرنچائزز نے مین آف دی میچ اور دیگر انفرادی ایوارڈز کی رقم پوری ٹیم میں برابر تقسیم کرنے کی پالیسی اپنا رکھی ہے، اسی طرح پاکستان ٹیم بھی۔
ٹیموں کے اپنے بونس اور دیگر انعامات ہوتے ہیں، ہوٹل اور ہوائی ٹکٹ بھی بدل جاتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ یہ شیٹ ادائیگی میں اہم ہے۔ بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ بقیہ 30 فیصد رقم آئندہ چند روز میں تمام کھلاڑیوں کو دے دی جائے گی۔دوسری جانب پی ایس ایل کے معاملات تاحال سست روی کا شکار ہیں، نئے سی او او سلمان نصیر گزشتہ کچھ دنوں سے ایشیا کپ کے معاملات میں مصروف ہیں، انہوں نے اب تک صرف اپنی “2 رکنی” ٹیم تشکیل دی ہے۔ فرنچائز بھی حیران ہے کہ عارضی تقرری مستقل ہو گئی ہے۔ اپنے کام کی وجہ سے ٹیموں میں اچھی شہرت رکھنے والے منیجر پلیئرز ایکوزیشن شعیب خالد نے حال ہی میں استعفیٰ دے دیا ہے۔ اب کھلاڑیوں سے معاہدوں پر دستخط کرنے کے لیے ماہر تلاش کرنا آسان نہیں ہوگا۔یاد رہے کہ سیزن 11 سے قبل اسپانسر شپ، میڈیا رائٹس اور دیگر معاہدوں، ٹیم کی ویلیوایشن، فیس میں اضافے اور 2 نئی فرنچائزز کے اضافے کو بھی حتمی شکل دی جانی ہے۔ نئی ونڈو کا ابھی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔