اردو ورلڈ کینیڈا (ویب نیوز)آرمی چیف جنرل قمر جاوید کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں ایٹمی کمانڈ اینڈ کنٹرول سٹرکچر پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے۔
جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں ملک کی اندرونی و بیرونی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں سیلاب کے بعد کی امداد اور بحالی کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا اور سندھ، بلوچستان میں سیلاب کے بعد کی صورتحال پر غور کیا گیا۔ کانفرنس میں نیوکلیئر کمانڈ اینڈ کنٹرول اسٹرکچر پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا۔
کور کمانڈرز کانفرنس میں کہا گیا کہ پاکستان جوہری ہتھیاروں سے لیس ذمہ دار ملک ہے اور پاکستان نے اپنے نیوکلیئر سیکیورٹی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے ہیں، ملک کے اسٹریٹجک اثاثوں کی سیکیورٹی کے انتظامات مکمل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاک فوج ہر قسم کے خطرات سے ملک کے دفاع کے لیے تیار ہے۔