52
اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) کینیڈا میں عام نسخے کی درد کم کرنے والی دوائیوں کی قلت کا سامنا ہے، جو ممکنہ طور پر اگست کے شروع تک جاری رہ سکتی ہے۔
ہیلتھ کینیڈا نے گزشتہ ہفتے اطلاع دی ہے کہ ایسی دوائیں جن میں ایسیٹامینوفین کے ساتھ کوڈین یا اوکسی کوڈون شامل ہیں، خاص طور پر کمی کا شکار ہیں۔عام طور پر ایسی دوائیاں پیرکو سیٹ (Percocet) اور ٹائلنول نمبر 3 (Tylenol No. 3) کے نام سے معروف ہیں۔ دیگر فارمولیشنز میں ٹیوا-اوکسی کو سیٹ (Teva-Oxycocet) ، ٹیوا لینولٹک نمبر 1، 2، 3 اور 4 ، اور ریواکوسیٹ (Rivacocet) شامل ہیں۔چند کمپنیوں جیسے ٹیوا کینیڈا لمیٹڈ، لیبارٹری رِوا انک، اور فارماسائنس انک نے پیداواری مشکلات اور مانگ میں اضافے کی وجہ سے اس قلت کی تصدیق کی ہے۔کینیڈین فارماسسٹ ایسوسی ایشن (CPA) نے گلوبل نیوز کو بتایا ہے کہ وہ ہیلتھ کینیڈا کے ساتھ مل کر صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے اور فارماسسٹ اور سپلائرز کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ کمی کے ممکنہ اثرات کو سمجھا جا سکے۔
ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ فارماسسٹ مریضوں کو دی جانے والی مقدار محدود کر رہے ہیں تاکہ دستیاب دوائی زیادہ لوگوں تک پہنچ سکے۔ CPA کی سینئر ڈائریکٹر، صدف فیصل، کا کہنا ہے کہ عام طور پر فارماسسٹ کو نسخے پر لکھی گئی مقدار ہی دینی پڑتی ہے، لیکن اس وقت وہ محدود مقدار یعنی صرف 30 دن کی دوائی دینے پر مجبور ہیں کیونکہ فراہمی کم ہے۔کچھ فارماسسٹ دیگر فارمیسیز سے بھی دوائی کی دستیابی کے لیے کوشش کر رہے ہیں۔ہیلتھ کینیڈا کی اطلاع کے مطابق یہ قلت اگست کے شروع تک جاری رہنے کا امکان ہے.
جب دوائیوں کی بڑی مقدار دوبارہ دستیاب ہوگی۔اگر کوئی شخص متاثر ہو تو اسے اپنے ڈاکٹر یا فارماسسٹ سے رابطہ کرنا چاہیے تاکہ وہ متبادل دوائیں تجویز کر سکیں یا دیگر مناسب حل پیش کر سکیں۔ صدف فیصل نے کہا کہ فارماسسٹ اور صحت کی دیگر خدمات فراہم کرنے والے مریضوں کو اس قلت میں رہنمائی دے سکتے ہیں تاکہ درد کا مؤثر اور محفوظ انتظام ہو سکے، کیونکہ یہ بہت سے مریضوں کی زندگی کے معیار کو متاثر کر سکتا ہے۔تاہم وہ یہ بھی واضح کرتی ہیں کہ کنٹرولڈ ڈرگز اینڈ سبسٹینسز ایکٹ کی وجہ سے فارماسٹس بغیر ڈاکٹر کی اجازت کے نسخے میں تبدیلی یا متبادل دوا تجویز نہیں کر سکتے۔ہیلتھ کینیڈا کا مشورہ ہے کہ لوگ صرف لائسنس یافتہ فارمیسیوں سے دوائیں حاصل کریں اور غیر قانونی یا غیر تصدیق شدہ آن لائن بیچنے والوں سے خریداری سے گریز کریں، کیونکہ ان میں مؤثر اجزاء کی کمی یا خطرناک اور غیر شناخت شدہ اجزاء ہو سکتے ہیں۔
یہ قلت کینیڈا میں دوا کی فراہمی کے نظام کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے، لیکن حکام کی کوششیں جاری ہیں کہ جلد از جلد اس مسئلے کا حل نکالا جائے۔