اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)بی سی وائلڈ فائر سروس کے مطابق صوبے میں اس وقت 117 جنگلاتی آگیں فعال ہیں، جن میں سے 40 سے زیادہ صرف گزشتہ 24 گھنٹوں میں بھڑک اٹھی ہیں۔
یہ نئی آگیں زیادہ تر صوبے کے جنوبی حصے میں لگی ہیں، خصوصاً وسلر اور پیمبرٹن کے درمیان اور کاسٹن کے قریب فئرویوماؤنٹین پر۔
سی ٹو اسکائی ریجن میں بھی چھوٹی آگوں کے کئی مراکز سامنے آئے ہیں، جن میں سے کچھ اسکوامش کے شمال میں جبکہ دوسرا کلسٹر پیمبرٹن اور وسلر کے قریب واقع ہے۔
فئرویوماؤنٹین پر لگی آگ ایک ہیکٹر سے بھی کم رقبے پر ہے اور بارش کے باعث قابو پانے میں مدد مل رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ آگ بجلی (lightning) گرنے سے لگی۔ لوئر سیمیلکامین انڈین بینڈ نے تصدیق کی ہے کہ عملہ آگ بجھانے میں مصروف ہے اور ہیلی ٹینکرز بھی کارروائی کر رہے ہیں۔ یہ آگ فی الحال کسی بڑے خطرے کا باعث نہیں ہے۔
دوسری طرف سیلر بار وائلڈ فائر بے قابو جل رہی ہے اور اس کا رقبہ 111 ہیکٹر تک پہنچ چکا ہے۔ یہ آگ ہفتہ 23 اگست کو دریافت ہوئی تھی۔ سپزوم فرسٹ نیشن نے اتوار 24 اگست کو انخلا کا الرٹ جاری کیا تھا۔
117 آگوں میں سے 51 اس وقت بے قابو ہیں۔ جنوب بی سی میں گرج چمک کے طوفان گزر رہے ہیں، جس سے مزید آگ لگنے کے امکانات ہیں۔
تاہم آگ کی سرگرمی میں نمایاں اضافے کے باوجود کوئی نیا انخلا الرٹ یا حکم جاری نہیں کیا گیا۔