اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) سعودی وزارت صحت نے سعودی عرب میں حج کے دوران عازمین کے جاں بحق ہونے پر ایک بیان جاری کیا ہے۔سعودی وزیر صحت فہد بن عبدالرحمن کا کہنا ہے کہ اس سال حج کے دوران 1301 عازمین جاں بحق ہوئے ۔انہوں نے کہا کہ یہ اموات مناسب پناہ گاہ کی کمی اور بغیر آرام کے براہ راست سورج کی روشنی میں طویل فاصلے تک چلنے کی وجہ سے ہوئیں۔
سعودی وزیر صحت کا کہنا ہے کہ مرنے والے زائرین میں بہت سے بزرگ اور دائمی بیماریوں میں مبتلا افراد شامل ہیں جب کہ 83 فیصد اموات ان عازمین کی تھیں جو بغیر اجازت حج میں شامل ہوئے تھے۔اس سے قبل عرب سفارت کار نے کہا تھا کہ حج کے دوران مرنے والوں میں صرف مصری زائرین کی تعداد کم از کم 600 ہے۔دوسری جانب پاکستان کی وزارت مذہبی امور نے تصدیق کی ہے کہ حج کے دوران گرمی کی لہر سے 35 پاکستانی ہلاک ہوئے۔
ڈائریکٹر جنرل آف پاکستان حج مشن عبدالوہاب سومرو کے مطابق مینا میں 4 پاکستانی، 3 عرفات اور 2 مظدلیہ میں جبکہ 20 پاکستانی عازمین مکہ مکرمہ اور 6 مدینہ منورہ میں ہلاک ہوئے۔واضح رہے کہ اس سال 18 لاکھ افراد نے حج کیا. حج کے دوران درجہ حرارت 51.8 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا۔سعودی محکمہ موسمیات نے اس سال حج کے موسم میں شدید گرمی کی پیش گوئی کی تھی اور اسی کے مطابق سعودی وزارت حج اور عمرہ نے عازمین کے لیے پانی کے چشمے اور ٹھنڈے پانی کا انتظام کیا تھا۔