ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے روڑی میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا، اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔ مارے گئے دہشت گرد کی شناخت ٹی ٹی پی کے خودکش بمبار اسامہ کے نام سے ہوئی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد علاقے میں ہائی پروفائل واردات کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ضلع لکی مروت میں کی گئی دوسری کارروائی میں ایک دہشت گرد کو جہنم واصل کر دیا گیا جب کہ علاقے میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کا بھی صفایا کر دیا گیا۔ فائرنگ کے شدید تبادلے میں دو سپاہی نائیک ظفر اقبال اور سپاہی حاجی جان بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کر گئے۔
خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کا تیسرا واقعہ ڈیرہ اسماعیل خان میں پیش آیا جہاں کلاچی کے علاقے میں دیسی ساختہ بم دھماکے میں حوالدار شاہد اقبال شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں نے پسنی اور اورماڑہ جانے والی فورسز کی دو گاڑیوں پر گھات لگا کر حملہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گھناؤنی کارروائیوں کے مرتکب افراد کو پکڑ کر انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، علاقے میں آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
اس سے قبل ڈیرہ اسماعیل خان میں بم دھماکے کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق جب کہ پولیس اہلکاروں سمیت 21 افراد زخمی ہوئے تھے۔
دوسری جانب نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی، نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر، گورنر سندھ کامران ٹیسوری سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے بلوچستان میں پاک فوج کے دستوں پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ 14 اہلکاروں کی شہادت پر گہرا افسوس ہے، سیکیورٹی فورسز پر حملہ ہر لحاظ سے قابل مذمت ہے، حملہ کرنے والے دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز پر حملے کرنے والے پاکستان کے دشمن ہیں، ملک دشمنوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے اہلکار قوم کے ہیرو ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے شہداء کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ دہشت گرد ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے سیکیورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بلوچستان کے علاقے اوماڑہ کے قریب سیکیورٹی فورسز پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید فوجیوں کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی تمام تر ہمدردیاں شہداء کے خاندانوں کے ساتھ ہیں، شہداء ہمارا فخر ہیں، شہداء نے وطن عزیز کے امن کے لیے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، ان کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
رہنما پاکستان تحریک انصاف علی محمد خان نے کہا کہ بلوچستان میں شہید ہونے والے 14 جوانوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں، دہشت گرد اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکتے۔