اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز) اسرائیلی فوج نےحملہ کرکے 9 بچوں سمیت 15 افراد کو شہید کردیا۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے رات گئے وسطی غزہ کے علاقے الزوائدہ میں ایک گودام پر بمباری کی۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے جبالیہ پناہ گزین کیمپ، دیر البلاح، خان یونس پر بمباری کی، اسرائیلی بمباری میں متعدد فلسطینی شہید اور زخمی ہوگئے جب کہ اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے شہر جنین میں بھی ایک کار پر حملہ کیا۔
دوسری جانب اسرائیلی مذاکرات کار غزہ جنگ بندی پر مزید مذاکرات کے لیے آج قاہرہ جائیں گے جب کہ امریکی وزیر خارجہ اسرائیلی وزیر اعظم اور اسرائیلی حکام سے ملاقات کے لیے آج اسرائیل روانہ ہو رہے ہیں۔ واضح رہے کہ رواں ہفتے غزہ جنگ بندی پر دو روزہ مذاکرات کے بعد مشترکہ بیان میں کہا گیا تھا کہ امریکا نے گزشتہ ہفتے طے پانے والے نکات پر تیزی سے عمل درآمد کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے تجاویز پیش کی ہیں جب کہ آج ہم بہت کچھ کر رہے ہیں۔