کراچی،سولجر بازار میں گیس دھماکا، دو بچوں سمیت 15 افراد جاں بحق

اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)شہر قائد کے علاقے سولجر بازار میں ایک رہائشی عمارت میں گیس بھر جانے کے باعث ہونے والے خوفناک دھماکے نے پورے علاقے کو سوگ میں ڈبو دیا۔

افسوسناک واقعے میں دو کمسن بچوں سمیت کم از کم 15 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 14 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق دھماکا علی الصبح تقریباً چار بجے پیش آیا۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ عمارت میں گیس لیکیج کے باعث دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں تین منزلہ عمارت کا ایک بڑا حصہ زمین بوس ہوگیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، علاقے کو گھیرے میں لے کر سیکیورٹی سخت کر دی گئی جبکہ ریسکیو اہلکاروں نے فوری طور پر ملبہ ہٹانے کا کام شروع کیا۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ عمارت تین منزلوں پر مشتمل تھی اور ہر منزل پر ایک کمرہ قائم تھا۔ گلیاں انتہائی تنگ ہونے کے باعث بھاری مشینری کو اندر لانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم خصوصی آلات کی مدد سے لوہے کے ڈھانچے کو کاٹ کر ملبہ ہٹایا جا رہا ہے۔ ڈی جی ریسکیو 1122 واجد کے مطابق دھماکا پہلی منزل پر ہوا، جو ممکنہ طور پر گیس سلنڈر یا گیس کھینچنے والی مشین کی وجہ سے پیش آیا۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی اور قریبی عمارتیں بھی لرز اٹھیں، جس سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ متعدد افراد اپنے گھروں سے باہر نکل آئے اور امدادی کارروائیوں میں رضاکارانہ طور پر حصہ لیا۔

ڈپٹی کمشنر ایسٹ کا کہنا ہے کہ ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ موجود ہے اور سرچ آپریشن مکمل ہونے تک ہلاکتوں میں اضافے کا امکان رد نہیں کیا جا سکتا۔ ڈی آئی جی ایسٹ نے واضح کیا کہ واقعے کے شواہد سے تخریب کاری کا کوئی پہلو سامنے نہیں آیا، تاہم غفلت یا ذمہ داری کا تعین ہونے پر متعلقہ افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ گیس آلات کے استعمال میں احتیاط برتیں اور کسی بھی قسم کی لیکیج کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ اداروں کو اطلاع دیں تاکہ ایسے سانحات سے بچا جا سکے۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں