اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )ملک میں 16 ستمبر سے 30 ستمبر تک پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ متوقع ہے۔عالمی سطح پر اجناس کی قیمتوں میں اضافے کے باعث نگرا ن حکومت ایک بار پھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کر سکتی ہے۔
آئل سیکٹر کے اندازوں کے مطابق ستمبر کے اگلے 15 دنوں میں پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی قیمت میں 9 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ مٹی کا تیل 10 روپے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل 8 روپے فی لیٹر مہنگا ہو سکتا ہے۔
حکومت نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرائط کو پورا کرنے کے لیے پیٹرول پر 60 روپے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پر 50 روپے فی لیٹر پیٹرولیم لیوی عائد کردی ہے۔
دوسری جانب، حکومت پاکستان اسٹیٹ آئل (PSO) کو پیٹرول اور HSD پر 3 روپے فی لیٹر کی ایکسچینج ریٹ ایڈجسٹمنٹ کی اجازت دے سکتی ہے۔
معاہدے کے تحت پاکستان نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے وعدہ کیا ہے کہ وہ اضافی بنیادوں پر زیادہ سے زیادہ لیوی کو 60 روپے فی لیٹر تک بڑھا دے گا تاکہ پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی کی اوسط لاگت 55 روپے فی لیٹر تک پہنچ جائے۔