اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) جنوبی افریقہ میں جوہانسبرگ کے قریب کچی آبادی میں زہریلی گیس کے اخراج سے 16 افراد ہلاک ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی افریقہ میں جوہانسبرگ کے مشرقی علاقے بوکسبرگ میں مبینہ گیس کے اخراج کے باعث ہلاک ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
جنوبی افریقہ کے صوبے گوٹینگ کی مقامی حکومت نے گیس کے اخراج سے ہلاکتوں کی تعداد کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ جوہانسبرگ کے قریب مشرقی علاقے بوکسبرگ میں مبینہ طور پر گیس کے اخراج سے 16 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
گوتینگ کے وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ انہوں نے جائے حادثہ کا دورہ کیا ہے، واقعے سے متعلق تمام حقائق جاننے کے لیے تحقیقات کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں، جلد ملوث افراد کی نشاندہی کر لی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر 24 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع تھی تاہم اب ہلاکتوں کی صحیح تعداد سامنے آگئی ہے، تمام جاں بحق افراد کی لاشیں علاقے میں بکھری پڑی تھیں، یہ مناظر انتہائی افسوسناک تھے۔واضح رہے کہ جنوبی افریقی میڈیا نے شبہ ظاہر کیا تھا کہ گیس کے اخراج کے واقعے کا تعلق علاقے میں غیر قانونی کان کنی سے ہے۔