اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) معصوم فلسطینیوں پر صہیونی فوج کے مظالم کا سلسلہ جاری، ناصرات کیمپ میں پناہ گزینوں کے اسکول پر بمباری سے مزید 17 فلسطینی شہید اور 80 زخمی ہوگئے۔عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ سٹی اور المغازی پر شدید بمباری کی جب کہ شاتی کیمپ میں مسجد پر وحشیانہ حملہ کیا۔حماس کے سیاسی بیورو کے رکن عزت الرشق نے اتوار کو کہا کہ ان کی جماعت غزہ کی پٹی پر حالیہ اسرائیلی حملوں کے بعد جنگ بندی کے مذاکرات سے پیچھے نہیں ہٹی ہے۔
انہوں نے ایک بیان میں مزید کہا کہ خان یونس کے مغرب میں المواسی کے قتل عام کے جواب میں حماس کی طرف سے مذاکرات روکنے کے فیصلے کے بارے میں بعض ذرائع ابلاغ میں بے بنیاد خبریں آئی ہیں۔الراشق نے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو پر عرب ثالثوں اور جنگ کے خاتمے کے لیے امریکی کوششوں میں رکاوٹ ڈالنے کا الزام بھی لگایا۔دوسری جانب اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ المواسی کیمپ پر حملے میں حماس کے کمانڈر رافع سلامہ شہید ہوئے۔
عرب میڈیا کے مطابق ہفتے کے روز المواسی کیمپ پر اسرائیلی بمباری سے 90 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے، اسرائیلی فوج نے حماس کے کمانڈرز محمد ضعیف اور رفیع سلامہ کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔عرب میڈیا کے مطابق حماس نے المواسی حملے میں اس کا کوئی کمانڈر مارے جانے کی تردید کی ہے۔