سعودی عرب میں کورونا وائرس کے پیش نظر لگائی گئی پابندیوں کے دو سال بعد غیر ملکی عازمین حج کی آمد شروع ہوگئی ہے۔
رواں سال حج کے لیے پہلی غیر ملکی پرواز مدینہ ایئرپورٹ پہنچی جہاں حکام نے ضیوف الرحمان کا استقبال کیا۔ واضح رہے کہ 2 سال سے کورونا پابندیوں کے باعث حج صرف مقامی عازمین تک محدود تھا۔ تاہم رواں سال اپریل میں سعودی عرب نے باضابطہ اعلان کیا تھا کہ اس سال دنیا بھر سے 10 لاکھ عازمین حج کر سکیں گے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق انڈونیشیا سے آنے والی پہلی پرواز کے خوش نصیب مسافر آنے والے ہفتوں میں مکہ کے لیے روانہ ہوں گے۔ سعودی حکام نے طویل پابندیوں کے بعد عازمین حج کی آمد کو خوشی کا باعث قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مہمانوں کے لیے ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔