اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) 2اسرائیلی ریزروسٹ ایران کے لیے جاسوسی کے شبے میں گرفتار
اسرائیلی پولیس کے ترجمان نے پیر کے روز ایک بیان میں کہا کہ مشتبہ شخص یوری الیاسوف اسرائیلی فوج کے آئرن ڈوم اینٹی ایئر کرافٹ میزائل یونٹ میں خدمات انجام دیتا تھا اور اس نے اپنی فوجی خدمات کے دوران حاصل کردہ خفیہ مواد ایرانیوں کو دیا تھا۔اسرائیلی روزنامے Haaretz کے مطابق، الیاسوف اور ایرانی ایجنٹ کے درمیان رابطہ ستمبر 2024 میں شروع ہوا، جس کے بعد الیاسوف نے مبینہ طور پر اپنے دوست جارجی اینڈریو کو بھرتی کیا اور اسے اپنے ایرانی ہینڈلر سے رابطے میں رکھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں مشتبہ افراد کی عمریں 21 سال ہیں اور ان کا تعلق مقبوضہ علاقوں کے شمالی حصے سے ہے۔ ملزمان پر خفیہ معلومات کی منتقلی اور جنگ کے دوران ایران کی مدد کرنے کا الزام ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ سال 14 اکتوبر کو شن بیٹ اور اسرائیلی پولیس نے مشرقی تل ابیب سے دو آباد کاروں کو ایران کے لیے جاسوسی کے الزام میں گرفتار کرنے کا اعلان کیا تھا۔ 30 سالہ ولادیسلاو وکٹر سون، 18 سالہ اینا برنسٹین اور ایک اور نامعلوم شخص نے ایران کے لیے تخریب کاری کی مختلف کارروائیاں کیں۔ان پر گاڑیوں کو آگ لگانے، اشتعال انگیز گرافٹی چھڑکنے اور تل ابیب کے یارک پارک کے قریب جنگلات میں آگ لگانے کا الزام ہے۔وکٹر سن اور برنسٹین نے مبینہ طور پر اپنی تخریب کاری کی ویڈیوز بنائیں اور بدلے میں 5000 ڈالر وصول کیے۔ مزید الزامات کے مطابق، وکٹر سن کو ایک اعلیٰ سطحی اسرائیلی شخصیت کو قتل کرنے کا کام سونپا گیا تھا، لیکن وہ ایسا کرنے میں ناکام رہے۔