اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) برطانیہ کے علاقے ساؤتھ پورٹ میں چاقو سے حملے کے نتیجے میں 2 بچے ہلاک اور 11 افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں میں 6 بچوں سمیت 8 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔برطانوی میڈیا کے مطابق پولیس نے چاقو حملے میں ملوث 17 سالہ لڑکے کو گرفتار کر لیا ہے جب کہ حملے میں استعمال ہونے والا چاقو بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق 17 سالہ چاقو بردار حملہ آور نے لیور پول کے قریب ساؤتھ پورٹ کے علاقے میں ٹیلر سوئفٹ تھیمڈ یوگا اور ڈانس ورکشاپ پر حملہ کیا۔
عینی شاہدین نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ یوگا اور ڈانس ورکشاپ میں شریک نوجوان لڑکیاں زخمی ہوئیں۔ نشانہ بنایا گیا۔برطانوی وزیراعظم نے واقعے میں جاں بحق ہونے والے بچوں اور زخمیوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کو خوفناک قرار دیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے لکھا کہ واقعہ انتہائی خوفناک اور افسوسناک ہے، میری ہمدردیاں متاثرین کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ میں بروقت کارروائی کرنے اور واقعے کی اطلاع دینے پر پولیس اور ایمرجنسی سروس کے اہلکاروں کا شکر گزار ہوں۔پولیس کا کہنا ہے کہ حملے کے پیچھے محرکات ابھی تک واضح نہیں ہیں تاہم واقعے کی مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔واضح رہے کہ انگلینڈ اور ویلز میں چاقو کے حملوں میں اضافہ ہوا ہے، برطانوی ہوم آفس کے اعداد و شمار کے مطابق دسمبر 2023 کے 12 ماہ کے دوران چاقو کے 14,577 حملے رپورٹ ہوئے۔واضح رہے کہ جولائی میں برطانوی عام انتخابات میں کامیابی سے قبل برطانوی وزیراعظم نے وعدہ کیا تھا کہ اقتدار میں آنے کے بعد وہ ملک میں چاقو سے حملوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو روکنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کریں گے۔