اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) بحرین کے دو شہریوں کو سعودی عرب میں عدالتی حکم کی تعمیل میں دہشت گردانہ حملوں کی منصوبہ بندی کے جرم میں پھانسی دے دی گئی۔
سعودی میڈیا کے مطابق جن دو افراد کے سر قلم کیے گئے ان میں جعفر محمد سلطان اور صادق مجید شامل ہیں جو ایک دہشت گرد تنظیم کے خطرناک کارندے تھے اور مملکت کے خلاف سازش میں ملوث تھے۔
دونوں نوجوانوں کو 8 مئی 2015 کو حراست میں لیا گیا تھا اور ایک خصوصی فوجداری عدالت میں مقدمہ چلایا گیا تھا جہاں ٹھوس شواہد کی بنیاد پر جنوری 2022 میں سزائے موت سنائی گئی تھی۔بعد ازاں ملک کی سپریم کورٹ نے بھی اس فیصلے کی توثیق کردی۔
وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ان کارندوں کے دہشت گرد گروپ نے سعودی عرب اور بحرین کو غیر مستحکم کرنے کی سازش کی تھی اور دونوں ممالک میں حملوں کی تربیت حاصل کی تھی جس میں خطرناک ہتھیاروں کی سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی بھی شامل تھی۔رواں سال کے صرف 5 مہینوں میں سعودی عرب میں سزائے موت پانے والوں کی تعداد گزشتہ دو سالوں کے مقابلے میں بہت زیادہ ہے۔ مارچ میں ایک ہی دن ریکارڈ 81 مجرموں کے سر قلم کیے گئے۔