اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)ادارہ برائے شماریات اسلام آباد نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کر دیے جس کے مطابق 51 اشیائے ضروریہ میں سے 20 کی قیمتوں میں اضافہ، 14 کی قیمتوں میں کمی اور 17 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
ادارہ شماریات کے مطابق زندہ مرغی کی قیمت میں 29 روپے فی کلو اضافہ، 190 گرام چائے کے پیکٹ کی قیمت میں 7 روپے کی کمی ہوئی۔ جلانے کی لکڑی کی قیمت میں معمولی اضافہ کیا گیا۔ آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 17 روپے کا اضافہ ہوگیا۔
ٹوٹے ہوئے باسمتی چاول کی فی کلو قیمت میں ایک روپے سے زائد کا اضافہ ہوا جبکہ چھوٹے گوشت کی قیمت میں پانچ روپے فی کلو کمی ہوئی۔ گڑ، انرجی سیور، بلب اور پاؤڈر دودھ بھی مہنگی اشیاء میں شامل ہیں۔
ادارہ شماریات کے مطابق دال، چنے اور ماش کی دال کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا۔ تاہم ٹماٹر 22 روپے فی کلو سستا ہو گیا۔ آلو کی قیمت میں 7 روپے فی کلو سے زائد کمی ہو گئی۔ انڈے 4 روپے فی درجن سستے ہو گئے۔ ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 6 روپے سے زائد کمی ہو گئی۔