سرگودھا اور گوادر میں دلخراش ٹریفک حادثات، 23 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی

اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)ملک کے مختلف حصوں میں پیش آنے والے دو الگ الگ ٹریفک حادثات میں مجموعی طور پر 23 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ یہ حادثات سرگودھا اور بلوچستان کے ضلع گوادر کے قریب پیش آئے، جہاں تیز رفتاری اور خراب موسمی حالات جان لیوا ثابت ہوئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق پنجاب کے ضلع سرگودھا کی تحصیل کوٹ مومن میں گلہ پور بنگلہ کے قریب شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ نہایت کم ہو گئی تھی۔ اسی دوران ایک منی ٹرک بے قابو ہو کر سڑک سے پھسلتا ہوا خشک نہر میں جا گرا۔ حادثے کے فوراً بعد امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ ابتدائی طور پر سات افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں مزید سات افراد دورانِ علاج جانبر نہ ہو سکے۔

ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے منی ٹرک میں کل 23 افراد سوار تھے جو اسلام آباد سے فیصل آباد ایک جنازے میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔ موٹروے شدید دھند کے باعث بند ہونے پر ڈرائیور نے متبادل مقامی راستہ اختیار کیا، جو حادثے کا سبب بنا۔ جاں بحق افراد میں خواتین اور کمسن بچے بھی شامل ہیں، جبکہ تمام متاثرہ افراد کا تعلق اسلام آباد سے بتایا جا رہا ہے۔ لاشوں اور زخمیوں کو ٹی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں امدادی کارروائیاں جاری رہیں۔

دوسری جانب بلوچستان کے ساحلی ضلع گوادر کے قریب مکران کوسٹل ہائی وے پر بھی ایک المناک حادثہ پیش آیا۔ اورماڑہ کے علاقے ہڈ گوٹھ کے قریب کراچی سے جیوانی جانے والی ایک مسافر کوچ تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر الٹ گئی۔ اس حادثے کے نتیجے میں کم از کم 9 افراد جاں بحق جبکہ 15 زخمی ہو گئے۔

کوسٹل ہائی وے پولیس کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور پولیس موقع پر پہنچیں اور زخمیوں و لاشوں کو اورماڑہ کے قریبی سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں تیز رفتاری کو حادثے کی بنیادی وجہ قرار دیا گیا ہے، تاہم واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

ان حادثات کے بعد عوامی حلقوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے اور شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ خراب موسم اور خطرناک سڑکوں پر ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کرایا جائے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں