اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) اسلام آبا د جوڈیشل کمپلیکس میں توڑ پھوڑ کا مقدمہ درج کرلیا۔پولیس کے مطابق انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے ہجوم سے کلاشنکوف اور دیگر اسلحہ سمیت متعدد افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔
اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس اور ہائی کورٹ پر منصوبہ بندی کے تحت حملہ کرنے کی کوشش کی گئی۔پولیس کے مطابق، سیاسی جماعتوں کے رہنما ہجوم کی قیادت کر رہے تھے، ہجوم کو نقصان پہنچانے اور توڑ پھوڑ کے لیے اکسایا گیا، جوڈیشل کمپلیکس میں سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا
پولیس نے حکمت عملی کے ساتھ ہائی کورٹ میں ایسی کسی بھی کارروائی کو روکا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ 25 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور دیگر کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ مزید گرفتاریوں کے لیے پولیس ٹیمیں مختلف صوبوں کو روانہ کر دی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف آج اسلام آباد کی مختلف عدالتوں میں 4 مقدمات کی سماعت ہوئی۔الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کے کیس میں عمران خان کی اے ٹی سی میں ضمانت منظور کرلی گئی جب کہ بینکنگ کورٹ میں ممنوعہ فنڈنگ کیس میں عمران خان کی ضمانت کی توثیق کردی گئی۔
توشہ خانہ کیس میں ایڈیشنل سیشن جج نے عدم پیشی پر عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔