ارد وورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ بنوں سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ میں آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 25 دہشت گرد مارے گئے، 7 دہشت گردوں نے ہتھیار پھینکےاور 3 کو گرفتار کرلیا جب کہ 3 اہلکار شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 18 دسمبر کو بنوں کینٹ کے اندر سی ٹی ڈی کمپلیکس میں زیر حراست دہشت گرد نے ڈیوٹی کانسٹیبل پر قابو پالیا اور اسلحہ چھین لیا۔ دیگر 34 زیر حراست افراد کو رہا کر دیا گیا جس کے بعد تمام دہشت گرد باہر نکلے اور گودام سے مزید اسلحہ برآمد کر کے فائرنگ شروع کر دی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 18 دسمبر کو کمپاؤنڈ پر قبضے کے فوری بعد دہشت گردوں نے ایک سی ٹی ڈی کانسٹیبل کو شہید اور دوسرے کو زخمی کردیا تھا جو دوران علاج جانبر نہ ہوسکا، جب کہ ایک جونیئر کمیشنڈ افسر کو یرغمال بنا کر افغانستان لے گئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق آپریشن میں بہادری سے لڑتے ہوئے مادر وطن کے 3 جوان شہید ہوئے، جن میں صوبیدار میجر خورشید اکرم، سپاہی سعید، سپاہی بابر شامل ہیں، جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں 2 اہلکاروں سمیت 10 جوان زخمی ہوئے۔
ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے کمپاؤنڈ سے فرار ہونے کی کوشش کی جسے بروقت کارروائی کرکے ناکام بنا دیا گیا ۔