اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) مغربی کنارے میں قابض اسرائیلی فوج نے ایک کار پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 3 فلسطینی نوجوان شہید ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے میں جنین کے قریب کار پر فائرنگ کر کے مزید 3 فلسطینیوں کو شہید کر دیا جس کے بعد صرف 3 روز میں شہدا کی تعداد 6 ہو گئی۔
اسرائیلی سکیورٹی فورسز کے ترجمان نے دعویٰ کیا کہ کار میں مسلح عسکریت پسند سوار تھے جو اسرائیلی فوجیوں کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔ اس نے گاڑی کو چوکی پر رکنے کا اشارہ کیا لیکن وہ نہیں رکی۔ترجمان نے مزید بتایا کہ عسکریت پسندوں کی گاڑی سے ایک خودکار رائفل بھی برآمد ہوئی ہے۔مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز کی تازہ کارروائیاں چند روز قبل ایک فلسطینی نوجوان کے حملے میں ایک یہودی کی ہلاکت کے بعد شروع ہوئیں۔
دو روز قبل یہودی آباد کاروں نے ایک فلسطینی نوجوان کو شہید کر دیا تھا جب کہ اگلے روز ایک اور فلسطینی نوجوان کو بھی اسرائیلی فوج نے گولیاں مار کر شہید کر دیا تھا۔اسی روز جنین میں ایک اور فلسطینی نوجوان کو سیکیورٹی گارڈز نے شہید کردیا اور آج مزید تین فلسطینی نوجوان شہید ہوگئے۔امریکہ نے بھی مغربی کنارے میں آباد کاروں اور سکیورٹی فورسز کے تازہ حملوں میں فلسطینی نوجوانوں کی ہلاکت کو دہشت گردی قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔