اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) لاہور شہر میں بارش کا 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، 10 گھنٹے میں 291 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، مختلف حادثات میں 9 افراد جاں بحق ہوگئے۔
صبح 4 بجے سے شروع ہونے والی موسلا دھار بارش کے باعث لاہور شہر پانی میں ڈوب گیا، شہر کی اہم شاہراہوں پر پانی جمع ہوگیا۔
شہر بھر کے ایک درجن سے زائد علاقوں میں 200 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی .کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے کہا کہ اس سے قبل 2018 میں لاہور میں 288 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی، گزشتہ 30 سالوں میں لاہور میں اتنی کم مدت میں اتنی بارش نہیں ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں
مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش،نشیبی علاقے زیر آب،گرمی کا زور ٹوٹ گیا
ایم ڈی واسا غفران احمد نے کہا کہ بارش رکنے کے بعد تمام نشیبی علاقوں کو چند گھنٹوں میں صاف کر دیا جائے گا، سسٹم اپنی پوری صلاحیت سے نکاسی آب کو ممکن بنا رہا ہے۔بارش کے بعد شہر کے نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کے مسائل دیکھنے میں آرہے ہیں جب کہ واسا کا عملہ بھی سڑکوں سے غائب ہوگیا۔لکشمی چوک میں سب سے زیادہ 290 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جس سے لاہور تالاب کا منظر پیش کرنےلگا،اب تک سب سے زیادہ بارش لکشمی چوک میں 290 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
مزیدپڑھیں
محکمہ موسمیات کی آج سے ملک بھر میں مون سون بارشوں کی پیش گوئی،پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ
جیل روڈ 147 ملی میٹر، ایئرپورٹ 130 ملی میٹر، ہیڈ آفس گلبرگ 210، اپر مال 199، مغل پورہ 220، تاج پورہ 225، نشتر ٹاؤن 240، چوک نا خدا 205 اور جوہر ٹاؤن میں 235 ملی میٹر بارش ہوئی۔ ریکارڈ کیا گیا ہے.اسی طرح پانی والا تالاب میں 250 ملی میٹر، فرخ آباد میں 205 ملی میٹر، گلشن راوی میں 270 ملی میٹر، اقبال ٹاؤن میں 235 ملی میٹر، سمن آباد میں 169 ملی میٹر اور قرطبہ چوک میں 269 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
ریسکیو حکام کے مطابق بارش کے دوران تین افراد کرنٹ لگ گئے، تین چھتیں گر گئیں اور ایک بچہ بارش کے پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہوا۔ چونگی امرسدھو بازار میں کرنٹ لگنے سے موٹر سائیکل سوار عثمان نامی نوجوان جاں بحق ہو گیا، کشمیری دروازہ سرکلر روڈ پر بارش کے پانی سے گزرتے ہوئے نامعلوم خاتون کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گئی۔اسی طرح پاکستان منٹ باغبانپورہ میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے 17 سالہ احتشام جاں بحق ہو گیا جبکہ سنی پارک ٹھوکر نیاز بیگ میں کھیلتے ہوئے 11 سالہ محمد ولی بارش کے پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق گاجا پیر دربار مصری شاہ میں چھت گرنے سے 3 افراد جاں بحق ہوئے، جن کی شناخت 5 سالہ اسد، 40 سالہ نوازش علی اور 40 سالہ مہوش کے نام سے ہوئی۔ایدھی ترجمان کے مطابق شیرانوالہ بازار کے مستی گیٹ میں کرنٹ لگنے سے 65 سالہ خاتون جاں بحق ہوئی جس کی فوری شناخت نہ ہوسکی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بارش کے دوران بجلی کی تار ٹوٹنے سے نوجوان کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا۔