اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا عمل مکمل ہو گیا ہے اور کل 1211 نشستوں پر 3866 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستا ن کے مطابق اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات میں چیئرمین اور وائس چیئرمین کی 101 نشستوں کے لیے 537 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے۔ اس کے علاوہ جنرل اراکین کی 606 نشستوں کے لیے 1945، خواتین اراکین کی 202 نشستوں کے لیے 546 اور یوتھ اراکین کی 101 نشستوں کے لیے 344 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔
اس کے علاوہ مزدور اور کسان ممبران کی 101 نشستوں کے لیے 348 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جبکہ اقلیتوں کے لیے مخصوص 101 نشستوں کے لیے 146 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے۔
ای سی پی نے مزید کہا کہ امیدواروں کی فہرست 14 نومبر کو جاری کی جائے گی اور کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 18 نومبر تک جاری رہے گی۔