اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)اتوار کی صبح برٹش کولمبیا کے وسطی ساحل کے قریب 4.8 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ یہ اطلاع کینیڈین ادارے ارتھ کوئیکس کینیڈا نے دی ہے۔
ادارے کے مطابق زلزلے کا مرکز بیلا بیلا سے تقریباً 200 کلومیٹر مغرب میں تھا، جو وینکوور سے لگ بھگ 600 کلومیٹر شمال مغرب کی سمت واقع ہے۔ جھٹکے صبح آٹھ بجے کے کچھ ہی دیر بعد محسوس کیے گئے۔
یہ خبر بھی پڑھیں :میانمار اور تھائی لینڈ میں حالیہ زلزلہ 334 ایٹم بموں کے برابر قرار
ارتھ کوئیکس کینیڈا نے بتایا کہ زلزلہ اتنا ہلکا تھا کہ آبادی والے علاقوں میں جھٹکے محسوس نہیں کیے گئے اور نہ ہی کسی قسم کے نقصانات یا جانی و مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ مزید کہا گیا ہے کہ اس زلزلے کے بعد سونامی کا کوئی خطرہ موجود نہیں۔
امریکی ادارہ یونائیٹڈ اسٹیٹس جیولوجیکل سروے (USGS) نے بھی اس زلزلے کو ریکارڈ کیا تاہم ان کے مطابق اس کی شدت 4.0 تھی۔
یاد رہے کہ اس علاقے میں سب سے حالیہ بڑا زلزلہ 15 ستمبر 2024 کو آیا تھا، جس کی شدت 7.8 ریکارڈ کی گئی تھی۔ وہ زلزلہ خطے کے لیے ایک بڑی یاد دہانی تھا کہ بحرالکاہل کے اس حصے میں زلزلے کسی بھی وقت اور کسی بھی شدت سے آ سکتے ہیں۔