اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) سعودی عرب میں منشیات کی اسمگلنگ کے الزام میں 5 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے جن میں سے 4 کا تعلق پاکستان سے ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ریاض میں انسداد منشیات کے محکمے نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کی۔
جنرل ڈائریکٹوریٹ آف نارکوٹکس کنٹرول کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گرفتار ہونے والوں میں 4 پاکستانی شہری بھی شامل ہیں، جن کے قبضے سے 1.9 کلو گرام میتھیم فیٹامائن اور بھاری مقدار میں نشہ آور منشیات "شابو” برآمد ہوئی ہے۔
پانچویں منشیات فروش کو مکہ مکرمہ میں گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 3.4 کلو گرام چرس برآمد کر لی گئی۔ پانچوں ملزمان کو قانونی کارروائی کے لیے تھانے منتقل کر دیا گیا۔اسی طرح صوبہ جازان میں سرحدی محافظوں نے معمول کے گشت کے دوران منشیات فروشوں کو گھیر لیا جو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے لیکن بھاگتے ہوئے 111 کلوگرام منشیات اپنے پیچھے چھوڑ گئے۔