اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) بارکھان کے شہر رکھنی میں بم دھماکے میں 4 افرد جاں بحق متعدد زخمی ہوگئے ۔ ڈپٹی کمشنر عبداللہ کھوسہ کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی تعداد 12 ہوگئی ہے جن میں 2 لڑکیاں بھی شامل ہیں ۔
ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔پولیس کے مطابق دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے۔ ریسکیو کے مطابق ایک شخص کی حالت تشویشناک ہے جب کہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ رکھنی ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
دھماکے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور شواہد اکٹھے کرکے تفتیش شروع کردی۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے رکھنی دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی۔
انہوں نے کہا کہ معصوم لوگوں کا خون بہانے والے انسانیت کے دشمن ہیں، دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لیے بدامنی پھیلا رہے ہیں۔ ملک دشمن عناصر کے عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا ۔
دہشت گردی کے خلاف مزید موثر حکمت عملی اپنائی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے بعد سیکیورٹی پلان کا ازسرنو جائزہ لیا جائے اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔