اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز) لاہور میں بارش کا 44 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا جس سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔
پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں آج صبح سے ہی مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔
لاہور میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش شروع ہوگئی جس سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، مال روڈ، فیروز پور روڈ، ماڈل ٹاؤن، فیصل ٹاؤن، لکشمی چوک اور انارکلی سمیت دیگر علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی۔
لاہور میں ایئرپورٹ پر 337 ملی میٹر، پانی والا تالاب میں 203، لکشمی چوک میں 191 ، مغل پورہ میں 173، تاج پورہ میں 180، نشتر ٹاؤن میں 227، چوک ناخدا میں 163 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ .
موسلادھار بارش کے باعث شہر کے نشیبی علاقے اور اہم شاہراہیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں، بارش کے باعث نظام زندگی بھی مفلوج ہو کر رہ گیا۔
گجرات، گوجرانوالہ، وزیرآباد سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی کئی مقامات پر موسلادھار بارش نے حبس توڑ دیا۔
بارش کے باعث کئی شہروں میں فیڈر ٹرپ کرگئے، جس کے باعث بجلی کی فراہمی متاثر، شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
دوسری جانب شہر قائد کراچی اور جڑواں شہروں سمیت مختلف شہروں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
کراچی میں رات گئے بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے، آئی آئی چندریگر روڈ، صدر، ایمپریس مارکیٹ اور پاسپورٹ آفس کے قریب بارش کا پانی جمع ہوگیا۔