اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور خیبرپختونخوا اور پنجاب کے کئی شہروں میں اتوار کی رات گئے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کی شدت ریکٹر سکیل پر 5.3 تھی۔
اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، مردان، ایبٹ آباد، صوابی، مہمند، باجوڑ، بونیر اور ان کے ملحقہ علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
لوگ خوف و ہراس کے عالم میں گھروں سے باہر نکل آئے اور قرآن پاک کی آیات کی تلاوت شروع کر دی۔ زلزلے کے باعث ملک کے کسی بھی حصے سے جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے اعداد و شمار کے مطابق زلزلے کا مرکز افغانستان کے پہاڑی علاقے کوہ ہندوکش میں 10 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔