صہیونی فورسز نے اردن کے ایک فیلڈ ہسپتال پر بھی فضائی حملہ کیا جس میں 7 افراد زخمی ہوئے جب کہ اسرائیلی فورسز نے غزہ کے الشفا ہسپتال میں دوبارہ داخل ہوکر ہسپتال کے جنوبی داخلی دروازے بشمول تہہ خانے کے کچھ حصوں کو تباہ کردیا۔
اسرائیلی فوج نے الشفاء ہسپتال سے حماس کا اسلحہ اور یونیفارم ملنے کا دعویٰ کیا تھا تاہم ڈاکٹروں اور حماس نے اسرائیلی دعوے کی تردید کی تھی۔
الشفا ہسپتال کی ویڈیو جسے اسرائیلی فوج کے اکاؤنٹ سے ناقابل تردید ثبوت کے طور پر پوسٹ کیا گیا تھا، کو حذف، ترمیم اور دوبارہ نشر کیا گیا، جس سے اسرائیلی دعووں میں اضافہ ہوا۔
الجزیرہ کے مطابق الشفاء سے رپورٹنگ کرنے والے امریکی ٹی وی رپورٹر اور اسرائیلی دعوؤں میں تضاد بھی سامنے آیا جب کہ قطر نے غزہ کے ہسپتالوں پر حملوں کی بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے الشفاء کے اندر اسرائیل کی تازہ ترین کارروائی کو غیر قانونی قرار دیا۔
واضح رہے کہ اسرائیلی فوج کی غزہ پر بمباری کو 40 روز ہوچکے ہیں اور اب تک 11 ہزار 500 سے زائد فلسطینی شہید اور 25 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔
اسرائیلی فوج نے اسکولوں، اسپتالوں اور پناہ گزینوں کے کیمپوں پر بھی بمباری کی جس سے فلسطینی شہید ہو گئے جب کہ مغربی کنارے اور خان یونس اور دیگر علاقوں میں اسرائیلی حملے جاری ہیں۔