اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )فلپائن کے وسطی ساحلی علاقوں میں 6.9 شدت کے خوفناک زلزلے نے قیامت برپا کر دی، جس کے نتیجے میں کم از کم 31 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔
زلزلے کے جھٹکوں نے نہ صرف شہریوں کو خوفزدہ کر کے گھروں سے باہر نکال دیا بلکہ کئی عمارتیں زمین بوس ہو گئیں اور تباہی کے مناظر ہر طرف پھیل گئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ زلزلہ رات دس بجے مقامی وقت کے مطابق آیا۔ امریکی جیولوجیکل سروے کا کہنا ہے کہ زلزلے کی گہرائی 10 کلومیٹر اور مرکز شہر بوگو (Bogo) کے شمال مشرق میں 17 کلومیٹر کے فاصلے پر تھا۔ زلزلے کے بعد متعدد جھٹکے محسوس کیے گئے جس سے عوام میں مزید خوف و ہراس پھیل گیا۔
رپورٹس کے مطابق زلزلے کے باعث کئی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں، ایک اسپورٹس کمپلیکس بasketball میچ کے دوران گر گیا جس میں متعدد افراد دب گئے۔ اس کے علاوہ گرجا گھر، پل اور سڑکیں بھی شدید متاثر ہوئیں۔حکام نے صوبہ سیبو (Cebu) میں ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے اور تمام سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے بھاری مشینری دیگر علاقوں سے منگوائی گئی ہے۔
قدرتی آفت کے باعث کئی علاقوں میں بجلی اور مواصلاتی نظام درہم برہم ہو گیا ہے جس کی وجہ سے ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ حکام نے متاثرہ علاقوں میں پانی، ادویات اور دیگر ضروری اشیاء فوری طور پر پہنچانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے کیونکہ کئی افراد ابھی تک ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔