اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) کینیڈا میں ایئر کینیڈا کے فضائی عملے کی ہڑتال کے باعث ریجائنا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہفتے کے روز سنّاٹا چھایا رہا، جہاں مسافر شدید غیر یقینی صورتحال سے دوچار نظر آئے۔
ایئر کینیڈا کی ریجائنا سے روانہ ہونے والی چھ میں سے پانچ پروازیں منسوخ کر دی گئیں، جب کہ اتوار کو بھی مزید دو پروازوں کے منسوخ ہونے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اگلے ہفتے کی پروازوں کے بارے میں فی الحال کچھ واضح نہیں۔ہڑتال کے باعث ہزاروں مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ بوسٹن کے رہائشی لیکن ریجائنا کے مقامی رینڈی ڈربن نے بتایا کہ انہوں نے بوسٹن جانے کے لیے تقریباً 700 ڈالرز میں ٹکٹ خریدا تھا، تاہم پرواز کے منسوخ ہونے کے خدشے کے پیش نظر وہ ویسٹ جیٹ کی منی ایپلس کے ذریعے بوسٹن جانے والی پرواز کا بھی متبادل انتظام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ایئر کینیڈا کے 10 ہزار سے زائد فضائی میزبانوں نے ہفتے کی صبح ایک بجے ہڑتال شروع کر دی، جس کے فوراً بعد ملک بھر میں سیکڑوں پروازیں معطل ہو گئیں۔ بعد ازاں تقریباً 12 گھنٹے بعد وفاقی وزیر برائے محنت پیٹی ہائیڈو نے کینیڈا لیبر کوڈ کی دفعہ 107 کے تحت ثالثی کا حکم دیا اور ایئر کینیڈا و یونین کے درمیان معاہدے کے لیے عملے کو کام پر واپس آنے کی ہدایت دی۔ تاہم ہفتے کی شام تک یہ واضح نہیں تھا کہ پروازیں کب مکمل طور پر بحال ہوں گی۔ایئرپورٹ پر موجود ایک اور مسافر، میخائل مینرا، نے کہا کہ انہوں نے اپنی پیر کے دن کی بکنگ کے باوجود متبادل پرواز بھی حاصل کر لی ہے تاکہ آخری وقت میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ریجائنا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے صدر اور سی ای او جیمز بوگُز نے کہا کہ مسافروں کو اس "غیر یقینی صورتحال” کے لیے تیار رہنا چاہیے اور ایئر کینیڈا کے ساتھ اپنی تازہ ترین رابطہ معلومات اپڈیٹ رکھنی چاہیے تاکہ پرواز کی تبدیلی یا منسوخی کی فوری اطلاع دی جا سکے۔ایئر کینیڈا کی ویب سائٹ کے مطابق متاثرہ پروازوں کے مسافروں کو دیگر ایئرلائنز پر ری بک کرنے کی کوشش کی جائے گی، تاہم موسمِ گرما کی مصروفیت کے باعث نشستیں محدود ہیں۔ فضائی کمپنی نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ 15 اگست سے پہلے خریدے گئے ٹکٹ رکھنے والے مسافر، اگر ان کی پرواز 16 یا 17 اگست کو تھی، تو وہ مکمل ریفنڈ یا ٹریول کریڈٹ حاصل کر سکتے ہیں۔ مزید برآں، 15 اگست سے پہلے خریدے گئے ٹکٹ رکھنے والے مسافر 15 تا 19 اگست کے درمیان سفر کرنے کی صورت میں اپنی پروازیں بلا معاوضہ 21 اگست تا 12 ستمبر کے درمیان ری شیڈول کر سکتے ہیں۔