اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) افغانستان کے دارالحکومت میں وزارت خارجہ کے دفتر کے سیکیورٹی گیٹ پر حملہ آور نے خود کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا لیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق طالبان کے ترجمان نے اپنے بیان میں 6 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ خودکش حملہ آور کو چیک پوسٹ پر روکنے کی کوشش کی گئی تھی
طالبان ترجمان کے مطابق خودکش حملہ آور باز نہ آیا تو سیکیورٹی اہلکاروں نے اس پر فائرنگ کردی جس کے باعث وہ نیچے گر گیا اور ساتھ ہی اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ خودکش حملے میں 10 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے، جنہیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں 3 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
ہلاک ہونے والے تمام افراد عام شہری ہیں تاہم زخمیوں میں سیکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں۔ حملہ آور کا پوسٹ مارٹم کیا جا رہا ہے تاہم ابھی تک اس کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ ابھی تک کسی عسکریت پسند گروپ نے خودکش حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے داعش خراسان سیکیورٹی اہلکاروں، سرکاری دفاتر اور مساجد پر حملوں میں ملوث رہی ہے۔
طالبان نے حال ہی میں خراسان میں داعش کے خلاف کارروائیوں میں بڑی کامیابیاں حاصل کیں اور داعش کے برصغیر کے سربراہ سمیت اہم کمانڈروں کو ہلاک کیا۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ وزارت خارجہ پر آج کا خودکش حملہ داعش خراسان کے خلاف کارروائیوں کا بدلہ ہو سکتا ہے۔