اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 6 جوان شہید اور 3 دہشت گرد مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے دیر دونی میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
سیکیورٹی فورسز نے موثر کارروائی کرتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، فائرنگ کے تبادلے میں 6 جوان شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والوں میں حوالدار سلیم خان، نائیک جاوید اقبال، سپاہی نذیر خان، سپاہی حضرت بلال، سپاہی سید رجب حسین اور سپاہی بسم اللہ جان شامل ہیں۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ علاقے میں دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارا عزم مضبوط کرتی ہیں۔