اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر پنجاب میں سی ٹی ڈی کی کارروائیاں جاری ہیں، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 6 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ملتان سے 3، گوجرانوالہ سے 2 اور ڈیرہ غازی خان سے ایک دہشت گرد گرفتار کیا گیا ہے۔ لیپ ٹاپ پرائما کارڈ اور 18 ہزار 800 روپے نقدی بھی برآمد کر لی گئی ہے۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گردوں کی شناخت لیاقت، ندیم، عنایت، عمار، اعجاز اور یونس کے نام سے ہوئی ہے، دہشت گردوں کے خلاف 6 مقدمات درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔
حکام کے مطابق رواں ہفتے 227 کومبنگ آپریشنز کے دوران 24 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا، کومبنگ آپریشنز میں 11694 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔
حکام کا مزید کہنا تھا کہ سی ٹی ڈی محفوظ پنجاب کے ہدف پر عمل کرتے ہوئے دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہے۔